urdumandi.com

ایپل پر غیر قانونی اجارہ داری کا الزام

ایپل پر غیر قانونی اجارہ داری کا الزام
امریکی محکمہ انصاف نے ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے خلاف عدم اعتماد کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو نیو جرسی کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر کیے گئے اس مقدمے میں ایپل پر سمارٹ فونز کی مارکیٹ پر غیر قانونی اجارہ داری کا الزام لگایا گیا ہے۔
اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کے مطابق مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ ایپل نے سمارٹ فون مارکیٹ میں غیر قانونی اجارہ داری برقرار رکھی ہوئی ہے جس کے ذریعے وہ کسٹمزر، ڈویلپرز، آرٹسٹس اور پبلشرز سے زیادہ پیسے وصول کر رہی ہے۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ایپل دوسری کمپنیوں کی اپنے ہارڈویئر اور سافٹ ویئر تک رسائی کو مشکل بناتا ہے۔ ایپل اپنی ڈیوائسز کو استعمال کرنے میں آسان تو بناتا ہے لیکن تھرڈ پارٹی ایپس تک رسائی نہ دیتے ہوئے یہ اپنی ڈیوائسز کو سختی سے کنٹرول کیے ہوئے ہے۔
’ایپل صارفین اپنی ڈیوائسز خاص کر ایپل واچز کو کسی دوسری کمپنی کی ڈیوائس سے منسلک نہیں کر سکتے، یہاں تک کہ سوشل میڈیا ایپس اور میسجز کی رسائی ایپل کی اپنی ڈیوائسز کے درمیان بہتر ہوتی ہے اور وہی میسجز تصاویر کسی اور ڈیوائس پر بھیجے جائیں تو ان کا معیار گر جاتا ہے۔‘
مقدمے میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایپل سپر ایپس تک رسائی کو روکتا ہے جو آئی فون صارفین کو دوسری کمپنیوں کی ڈیوائسز پر منتقل ہونے میں آسانی پیدا کر سکتے ہیں۔
’ایپل ویڈیو گیمز کے لیے کلاؤڈ سٹریمنگ ایپس کو بھی بلاک کرتا ہے جن کی مدد سے مہنگے ہارڈ ویئر کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ ایپل تھرڈ پارٹی ایپس کے ڈولپرز کو آئی فون کے لئے ’ٹیپ ٹو پے ڈیجیٹل والیٹس‘ بنانے سے بھی روکتا ہے۔‘
مقدمے کے مطابق ایپل اپنے ایپ سٹور اور کسٹمرز کے تجربے کو ایسے تشکیل دیتا ہے کہ وہ زیادہ قیمت ادا کرتے ہوئے ایپل کے اپنے بنائے گئے ایکو سسٹم تک محدود رہتے ہیں جس سے مارکیٹ میں ایپل کی ہی اجارہ داری قائم ہوتی ہے۔
دوسری جانب ایپل نے اس مقدمے کے الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ حقائق اور قانون کے منافی ہیں اور کمپنی ان کا مقابلہ کرے گی۔
امریکی حکومت واحد نہیں ہے جو ایپل کو اپنے کاروباری طریقوں کو تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔ مارچ 2024 میں، یورپی یونین نے ایک نیا قانون نافذ کیا ہے جس کے بعد یورپی ممالک میں ایپل ڈیوائسز پر تھرڈ پارٹی ایپس انسٹال کرنا ممکن ہو گا۔

دنیا کی ترقی اور دلچسپ سائنسی حادثے

اپنا تبصرہ لکھیں