وزن میں کمی کا نیند سے کیا تعلق ہے؟
بھرپور نیند جسمانی صحت کی بہتری کیلئے تو ہے لیکن ساتھ ہی حیرت انگیز طور پر ہمارے وزن کی زیادتی کو بھی کنٹرول کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق نیند کی کمی وزن میں کمی کی رفتار کو روک سکتی ہے، جبکہ نامکمل نیند اور جسم کے تھکے رہنے سے وزن میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خوراک اور ورزش کے معمولات کے علاوہ بہت سے اور عوامل بھی ہیں جو وزن کے بڑھنے اور یا کم ہونے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
ان عوامل میں سے ایک نیند ہے، مناسب نیند آپ کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے ضروری ہے جبکہ نامناسب نیند ذہنی تناؤ سمیت پیٹ پر چربی اور وزن بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی آپ کے وزن کے کم ہونے کی رفتار کو سست کرکے آپ کا چند کلو وزن بڑھا سکتی ہے۔
غذائیت کی ماہر نمی اگروال کے مطابق جب آپ پرسکون اور بھرپور نیند سے محروم رہتے ہیں تو آپ کا جسم توانائی کے لیے چربی جلانے کے بجائے جمع کرنا شروع کر دیتا ہے، اس کے نتیجے میں آپ ایک دن میں کم کیلوریز جلا سکتے ہیں۔
نیند کی کمی جسم میں کورٹیسول کی سطح کو بڑھا سکتی ہے، ہائی کورٹیسول کی سطح وزن میں کمی کی کوششوں میں رکاوٹ بن سکتی ہے، یہ آپ کو ضرورت سے زیادہ کیلوریز کے استعمال کی جانب راغب کر سکتی ہے۔میٹابولزم آپ کے جسم میں وہ شرح ہے جس کی بنیاد پر آپ کا جسم کیلوریز جلاتا ہے، صحت مند (تیز) میٹابولزم کا مطلب زن میں بہتر انداز میں کمی ہے۔
نیند کی کمی آپ کے میٹابولک ریٹ کو سست کر سکتی ہے اور آپ کے لیے وزن کم کرنا مشکل بنا سکتی ہے، لہٰذا وزن کم کرنے کی کوشش کے دوران نیند کو اولیں ترجیح دیں۔