کیا عمران ہاشمی ’جنت تھری‘ فلم بنانے جا رہے ہیں
بالی وڈ کے اداکار عمران ہاشمی نے مشہور فلم فرنچائز ’جنت‘ کے تیسرے پارٹ کے بارے میں بیان دیا ہے کہ وہ یہ فلم بنانا چاہتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق عمران ہاشمی نے ’جنت‘ اور ’مرڈر‘ فلم سیریز سے بے مثال شہرت حاصل کی اور یہ فلمیں اداکار کی کامیاب فلمیں قرار پائیں۔
ان دونوں فلم فرنچائزز کی کہانیاں جہاں فلم بینوں نے خوب پسند کیں وہیں ان کے گانے بھی آل ٹائم بلاک بسٹر رہے۔
سنہ 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم جنت ٹو کے بعد اب تک اس فرنچائز کی تیسری فلم نہیں بنائی جا سکی۔
اس بارے میں عمران ہاشمی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ جنت تھری فلم بنانا چاہتے ہیں، تاہم اس کے لیے مہیش بھٹ اور مکیش بھٹ کو آپس کی علیحدگی ختم کرنا ہوگی۔
عمران ہاشمی کہتے ہیں کہ ’میں جنت تھری ضرور بنانا چاہوں گا۔ اس کے لیے میکرز (مہیش بھٹ اور مکیش بھٹ) کو دوبارہ سے ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، تاہم بدقسمتی سے ایسا ہوتا نظر نہیں آ رہا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’یہ ٹیم کا کام ہے، اگر خوش قسمتی یا معجزہ ہوا تو یہ فلم ضرور بنے گی۔ تب تک میری زندگی تو چلتی رہے گی۔ مجھے اداکاری کرنا ہی پسند ہے۔‘
اداکار نے مزید بتایا کہ اُن کی کچھ نئی فلمیں آنے والی ہیں، جس میں وہ ’بیڈ بوائے‘ کا کردار کریں گے کیونکہ عوام کو اُن کا یہ کردار پسند ہے۔
خیال رہے کہ 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جنت‘ کی کاسٹ میں عمران ہاشمی کے ساتھ سونل چوہان، وشال ملہوترا، جاوید شیخ اور سمیر کوچار شامل تھے جبکہ اس کی ہدایت کاری کونال دیش مکھ نے کی تھی۔
اس فلم کے پروڈیوسر مکیش بھٹ اور مہیش بھٹ تھے۔
فلم جنت کے چار سال بعد یعنی 2012 میں اس کا سیکوئل ریلیز کیا گیا جس کی کاسٹ میں عمران ہاشمی، رندیپ ہُودا، اِیشا گپتا اور محمد ذیشان ایوب شامل تھے جبکہ اس فلم کی ہدایت کاری بھی کونال دیش مکھ نے کی تھی