بھاپ سے بنے کھانے کھائیں
بھاپ سے بنے کھانے بہت مقبولیت حاصل کررہے ہیں ۔پہلے صرف لوگ ڈائیٹنگ کی غرض سے بھاپ سے بنے کھانے کھاتے تھے مگر اب لوگ اپنی صحت اچھی رکھنے کے لیےروزمرہ کے کھانوں کو بھاپ پر بنا رہے ہیں۔یہ کھانے صرف صحت بخش ہی نہیں بلکہ ذائقہ دار بھی ہوتے ہیں۔ تیل اور گھی سے تیار کردہ کھانے ذائقے دار ضرور مگر صحت کے لیے کسی حد تک مضر بھی ہوتے ہیں۔یہ دل کی بیماری کا باعث بنتے ہیں اور جسم میں فیٹس اور کولیسٹرول کی مقدار کو بھی بڑھاتے ہیںجو کہ نہایت نقصان دہ ہے ۔جبکہ بھاپ میں بنے کھانےغذا میں سے فیٹس کو ختم کرتے ہیں ۔ یہ کھانے جلدی ہضم ہوجاتے ہیں۔بھاپ میں پکے کھانوں میں قدرتی غذائی اجزاء، وٹامن اور معدنیات برقرار رہتے ہیں۔ اسی سوچ کے پیشِ نظر لوگ بھاپ سے بنےکھانوں کی جانب مائل ہو رہے ہیں۔اب تو لوگوں نے باقاعدہ الیکٹرک سٹیمر خرید لیے ہیں۔اس کے علاوہ بھاپ والے کھانوں کو پریشر کوکر،مائیکرو ویو اوون اور بڑے ڈھکن والے پتیلے میں بھی پکایا جاسکتا ہے ۔بھاپ میں کھانا پکانے کا طریقہ صدیوں سے رائج ہے۔یہ کھانے اپنے ہی پانی میں پکتے ہیں ۔اس میں پانی کو بہت زیادہ گرم کیا جاتا ہے۔ کھانوں پر چاروں طرف سے پہنچنے والی گرمی کھانوں کے قیمتی اجزاءکو ضائع کئے بغیر انہیں کھانے کے قابل بناتی ہے۔بھاپ میں پکے ہوئے کھانےبے رنگ ہوتے ہیں جب کہ کھانوں کو میرنیٹ کرنے کے بعدپکانےسےان کا رنگ آجاتا ہے۔ بھاپ میں مصالحے دار کھانے تیار کرنے کے لئے انہیں ویکس پیپر،کیلے یا بانس کے پتوں میں لپیٹ کر بھاپ میں پکایا جاسکتا ہے۔اس طریقے سے بھاپ میں پکائے گئے کھانے نہایت لذیذ ،ذائقہ دار اور خوش رنگ تیار ہوتے ہیں۔ بھاپ میں مختلف میٹھے پکوان بھی بنائے جاسکتے ہیں ۔بھاپ سے بنے چند کھانوں کی ریسیپی توجہ فرمائیں۔
اسٹیمڈ فش ود مشروم نوڈلز
اجزاء:
مچھلی (بغیر کانٹے کے) ۔1کلو
چائنیز مشروم۔ 8عدد
ادرک پیسٹ۔ 1کھانے کا چمچ
لہسن پیسٹ۔ 1کھانے کا چمچ
ہرا پیاز۔ 4عدد
سرکہ۔ 1کھانے کا چمچ
نمک ۔حسب ِ ذائقہ
ہرا دھنیا۔ 2کھانے کے چمچ (باریک کاٹا ہوا)
نوڈلز۔1 کپ (ابال لیں)
پام آئل۔ 4کھانے کے چمچ
ترکیب:
ایک اوون پروف باؤل میں مچھلی اور مشرومز کو مکس کر لیں۔ اس کے بعد اس میں ادرک پیسٹ، لہسن پیسٹ، ہراپیاز، سرکہ، نمک، ہرا دھنیا اور پام آئل اچھی طرح مکس کردیں۔ اس باؤل کو اسٹیمر پرتقریباً 8سے 10منٹ کے لیے ڈھک کر پکائیں۔ تیارشدہ نوڈلز ایک سرونگ ڈش میں بچھا دیں۔ درمیان میں مچھلی اور مشروم کری ڈال دیںاور کیچپ کے ساتھ سرو کریں۔
کیا میدہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے